نئی دہلی : ہندی کے شاعر کمار وشواس اور بی جے پی لیڈر تجندر پال سنگھ بگا کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ نے وشواس اور بگا کیخلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پنجاب کی روپ نگر پولیس نے کمار وشواس کے خلاف عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز بیانات پر مقدمہ درج کیا تھا۔ وہیں عدالت کے فیصلے کے بعد کمار وشواس نے ٹویٹ کرکے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔کمار وشواس نے ایک بار پھر ٹویٹ کرکے دہلی کے سی ایم اروند کجریوال کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنتے ہی پنجاب پولیس کو ایک غیر محفوظ خود ساختہ بونے نے میرے خلاف ایف آئی آر درج کر کے میرے گھر بھیجا، پنجاب پولیس کی اس بے بنیاد ایف آئی آر کو آج پنجاب ہائی کورٹ نے خارج کر دیا۔ . عدلیہ اور مجھ سے محبت کرنے والوں کا شکریہ۔ پیارے انوج بھگونت مان کو پھر مشورہ ہے کہ پنجاب کی عزت نفس کو بونی نظروں سے بچائیں۔اپریل میں، بی جے پی لیڈر تاجندر پال سنگھ بگا کے خلاف موہالی میں اشتعال انگیز بیانات دینے اور مجرمانہ دھمکی دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سینئر وکیل چیتل متل نے بتایا کہ جسٹس انوپ چٹکارا نے ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔