کجریوال ملک دشمن نعرے لگانے والوں کی تائید کررہے ہیں

   

کنہیا کمار کیخلاف کارروائی کی اجازت دینے سے عآپ کا انکار : امیت شاہ
نئی دہلی ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے ہندوستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر چیف منسٹر اروند کجریوال کی مذمت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’چند طلبہ ہندوستان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے کہہ رہے تھے کہ بھارت تیرے ٹکڑے ہوں گے تو آپ مجھے بتائیے کہ کیا انہیں جیل نہیں بھیجا جانا چاہئے‘‘۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ ’لیکن کجریوال جی ان کے خلاف کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ کجریوال جی ! آ… کس کو بچانا چاہتے ہیں‘‘۔ امیت شاہ نے اتوار کو عام آدمی پارٹی (عآپ) پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ جواہر لعل نہرو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے ٹکڑے ٹکڑے گیانگ کی حمایت کررہے ہیں۔ شاہ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت نے قومی دارالحکومت کے عوام کے حالات زندگی بہتر بنانے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اور صرف اشتہارات شائع کرواتے ہوئے سب کو دھوکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’کجریوال نے دہلی والوں کی حفاظت کیلئے 15 لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن لوگ ہر طرف دیکھ رہے ہیں۔ کہیں کوئی کیمرہ نظر نہیں آیا‘۔