دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے دہلی سمیت پورے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر مرکزی حکومت سے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے امتحانات امتحان منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر کیجریوال نے آج یہاں صحافیوں کو بتایا کہ دہلی میں سی بی ایس ای کے امتحانات میں چھ لاکھ امیدوار حصہ لیں گے اور ایک لاکھ سے زیادہ اساتذہ اس میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں نوجوان زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ دہلی میں 65 فیصد سے زیادہ کورونا مریض 45 سال سے کم عمر کے ہیں۔ اسپتالوں کو ہوٹلوں سے منسلک کیا جارہا ہے۔ ہوٹلوں میں کم سنگین مریضوں کا علاج کیا جائے گا اور زیادہ سنگین مریضوں کا علاج اسپتالوں میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اسپتالوں میں منصوبہ بند سرجری دو تین ماہ کے لئے ملتوی کردی جائے گی۔ اسپتالوں میں داخل جن مریضوں کو بستر کی ضرورت نہیں ہے ان سے بستر خالی کرنے کی درخواست کی جائے گی، تاکہ سنگین مریضوں کے لئے بستر دستیاب ہوسکے۔
