کجریوال نے 50 کروڑلیکر راجیہ سبھا بھیجنے کا دیا تھا جھانسہ

   

منی لانڈرنگ کیس میں قید سوکیش چندر شیکھرکا سنسنی خیز الزام

نئی دہلی : منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کیس میں منڈولی جیل میں قید سوکیش چندر شیکھر نے دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین اور جیل کے سابق ڈائریکٹر جنرل سندیپ گوئل پر بڑا الزام لگایا ہے۔ الزام ہے کہ ایل جی کو دی گئی شکایت کے بعد ستیندر جین اور سندیپ گوئل نے انہیں جیل انتظامیہ کے ذریعے دھمکی دی ۔ وکیل کے ذریعے جاری خط میں سوکیش چندر شیکھر نے دہلی کے چیف منسٹرٰ پر بھی سنگین الزامات لگائے ہیں۔سوکیش کا کہنا ہے کہ 2016 میں کجریوال نے کرناٹک اور تمل ناڈو میں سیٹ دینے کے عوض میں 500 کروڑ روپے کی مانگ کی تھی۔ اس کے لیے 20 تا30 افراد کو لانے کو کہا گیا تھا۔ مکتوب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیف منسٹرٰ نے 50 کروڑ روپے لے کر اسے راجیہ سبھا بھیجنے کا بھی جھانسہ دیا تھا۔ آسولہ کے ایک فارم ہاوس پر اس نے ستیندر جین کو رقم دینے کی بھی بات کہی ہے۔ہفتہ کو سوکیش کا مکتوب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس سے پہلے سوکیش چندرشیکھر نے 7 اکتوبر کو دلی کے ایل جی وی کے سکسینہ کو خط لکھ کر تہاڑ جیل میں بند دلی حکومت کے وزیر ستیندر جین پر 10 کروڑ روپے و جیل کے سابق ڈائریکٹر جنرل سندیپ گوئل پر 12.5 کروڑ روپے پروٹیکشن منی لینے کا الزام لگایا تھا۔ 4 نومبر کو ہی سندیپ گوئل کو ڈائریکٹرجنرل کے عہدے سے ٹرانسفر کردیا گیا۔مانا جارہا ہے کہ سوکیش کا خط سامنے آنے کے بعد انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ جس دن سندیپ گوئل کو عہدے سے ہٹایا گیا، اسی دن سوکیش نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک لیٹر لکھا۔ اس نے لیٹر میں الزام لگایا کہ اس نے ایک ڈنر پارٹی کی تھی جس میں دلی کے وزیراعلیٰ ستیندر جین کے ساتھ شامل ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ کے حکم پر اس نے آسولہ کے ایک فارم ہاوس میں وزیر ستیندر جین و کیلاش گہلوت کو رقم دی۔بنگلورو کے رہائشی سوکیش نے کم عمر میں ہی ٹھگی کرنی شروع کردی تھی۔ اسے پہلی مرتبہ 17 سال کی عمر میں بنگلورو پولیس نے پکڑا تھا، اس وقت اس نے کرناٹک کے سابق سی ایم ایچ ڈی کمارسوامی کے بیٹے کا دوست بن کر ایک فیملی سے ایک کروڑ سے زیادہ کی دھوکہ دہی کی تھی۔32 سالہ سوکیش پر ملک بھر میں 20 سے زیادہ کیسیز درج ہیں۔ وہ سال 2017 میں اس وقت سرخیوں میں آیا، جب اسے انادرموک کے ششی کلا خیمے کو دو پتی والا انتخابی نشان دلانے کے نام پر ٹھگی کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دلی پولیس کی کرائم برانچ نے دارالحکومت میں اس کے کمرے سے قریب سوا کروڑ روپے کیش برآمد کیا تھا۔