کجریوال کاسرکاری اسکولوں کو شاندار بنانے کیلئے مودی کو مکتوب

   

1947 ء میں آزادی کے فوری بعد ملک کے ہر گاؤں میں بہترین سرکاری اسکول کھولنے کی ضرورت تھی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر ان سے کہا ہے کہ وہ اگلے پانچ سالوں میں ملک کے تمام سرکاری اسکولوں کو شاندار بنانے کے لیے ایک ساتھ منصوبہ بندی کریں اور ان پر کام کریں۔مسٹر کیجریوال نے اگلے پانچ سالوں میں ملک کے تمام سرکاری اسکولوں کو مل کر شاندار بنانے کے لیے خط لکھا ہے ۔ انہوں نے خط میں لکھاکہ ‘‘مجھے میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے پورے ملک میں 14,500 اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ یہ بہت اچھی بات ہے ۔ پورے ملک کے سرکاری اسکولوں کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ ان کو اپ گریڈ کرنے اور جدید بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ ’’انہوں نے لکھاکہ ‘‘پورے ملک میں روزانہ 27 کروڑ بچے اسکول جاتے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 18 کروڑ بچے سرکاری اسکولوں میں جاتے ہیں۔ ملک کے 80 فیصد سے زائد سرکاری اسکولوں کی حالت کسی کباڑ خانے سے بھی بدتر ہے ۔ اگر ہم کروڑوں بچوں کو ایسی تعلیم دے رہے ہیں تو سوچیں کہ ہندوستان ترقی یافتہ ملک کیسے بنے گا؟وزیر اعلیٰ نے خط میں لکھاکہ ‘‘1947 میں ہم نے بہت بڑی غلطی کی۔ جیسے ہی ملک آزاد ہوا، سب سے پہلے ہمیں ہندوستان کے ہر گاؤں اور ہر علاقے میں بہترین سرکاری اسکول کھولنے چاہیے تھے ۔ کوئی بھی ملک اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دئیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ ہم نے 1947 میں ایسا نہیں کیا تھا۔ اس سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ اگلے 75 سال تک ہم نے اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دینے پر توجہ نہیں دی۔ کیا ہندوستان مزید وقت ضائع کر سکتا ہے ؟کجریوال نے کہاکہ “آپ نے صرف 14,500 سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ، جب کہ پورے ملک میں 10 لاکھ سے زیادہ سرکاری اسکول ہیں۔ اس طرح تمام سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کرنے میں 100 سال سے زیادہ کا عرصہ لگ جائے گا تو کیا اگلے 100 سالوں میں ہم دوسرے ممالک سے پیچھے رہ جائیں گے ؟ ملک کے ہر سرکاری اسکول میں بہترین تعلیم کی فراہمی کے بغیر ہمارا ملک ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا۔’’وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے دہلی میں بہت کم پیسوں میں بہت اچھے سرکاری اسکول بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی تعمیر کے اس کام میں ہم آپ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔