نئی دہلی۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز ڈاکٹر اسیم گپتا کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کی، جنہوں نے کورونا وائرس کے خلاف صف اول میں جنگ لڑتے ہوئے اپنی جان گنوائی ہے اور یہ کہہ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا کہ دہلی ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ لوک نائک جے پرکاش اسپتال (ایل این جے پی) کے سینئر ڈاکٹر مسٹر اسیم گپتا کی گزشتہ 28 جون کو کورونا کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔ مسٹر کیجریوال نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں ایک کروڑ روپے کے معاوضے کی رقم کا چیک فراہم کیا۔ اہل خانہ سے ملاقات کے بعد مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعلی نے کہا کہ ” میں نے مرحوم ڈاکٹر اسیم گپتا کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جن کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی ہے ۔ ہم اس مقبول عام ڈاکٹر کو واپس لانے کے لیے تو کچھ نہیں کرسکتے ہیں، لیکن ان کے اہل خانہ کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ آج ان کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کے معاوضے کی رقم دی گئی”۔