کجریوال پنجاب میں وعدے کررہے ہیں اور نئی دہلی میں ان وعدوں سے صاف انحراف کررہے ہیں، لوک سبھا میں وقفہ صفر
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کوروناکے دور میں عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوانے والے کورونا جنگجوؤں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے دینے کے وعدے سے مکر گئے ہیں۔ منگل کو لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران، پرویش ورما نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی ووٹ بینک کی سیاست کرتے ہیں اور شہید کورونا جنگجوؤں کے خاندانوں کو ان کا مذہب دیکھ کر رقم دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران، دہلی میں متاثرین کی خدمت کرتے ہوئے 300 کورونا جنگجو بشمول ڈاکٹر، ہیلتھ ورکرز، پولیس اہلکار اور صفائی ستھرائی کے کارکنوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ کجریوال نے ان شہیدوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا تھا، لیکن اب تک صرف پانچ شہیدوں کو ہی یہ رقم دی گئی ہے ۔ اروند کجریوال پنجاب میں وعدے کر رہے ہیں لیکن یہاں دہلی میں وعدوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ کانگریس کے رونیت سنگھ نے وقفہ صفر کے دوران حکومت سے نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو فوج کے جوانوں کی طرح سہولتیں اور الاؤنس دیے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیم فوجی دستوں کے جوان مشکل اور مخالف حالات میں کام کرتے ہیں اور فوج کی طرح ملک کے دفاع میں مصروف رہتے ہیں۔ لیکن وہ فوج کو ملنے والی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہیں پنشن، چھٹیوں میں رہائش جیسی سہولتیں ترجیحات کے تحت ملنی چاہئیں۔ رونیت سنگھ نے کہا کہ سہولیات کی کمی اور مشکل حالات کی وجہ سے پچھلے سال 134 جوانوں نے خودکشی کی۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں جوان نوکریاں چھوڑ رہے ہیں جو کہ تشویشناک بات ہے ۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سید امتیاز جلیل نے وقفہ صفر میں غریب بچوں اور بیماریوں میں مبتلا خواتین کے علاج کے لیے حکومت سے مدد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نادربیماریاں انشورنس کے تحت نہیں آتیں اور نہ ہی ایسی بیماریاں حکومت کی مفت علاج کی اسکیموں میں شامل ہیں۔ ان بیماریوں میں مبتلا غریب گھرانوں کے بچے اور خواتین مہنگے علاج اور دوائی لینے سے قاصر ہیں اور لمحہ لمہ مرنے کو مجبور ہیں۔