کجریوال کو ای ڈی کا پانچواں سمن بھی جاری

   

آج پیش ہونے کی ہدایت‘ سمن قانونی طور پر غیر قانونی: چیف منسٹر دہلی

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال ای ڈی کے چوتھے سمن پر بھی ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور ایک مکتوب لکھا جس میں کہا ہے کہ ای ڈی کا مقصد انہیں گرفتار کرنا ہے تاکہ آنے والے لوک سبھا الیکشن میں وہ انتخابی مہم نہ چلا سکیں۔عآپ نے سوال کیا ہے کہ جب ای ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں یہ بات واضح طور پر لکھی ہے کہ کجریوال ملزم نہیں ہیں تو پھر انہیں سمن کیوں بھیجا جا رہا ہے اور ان کی گرفتاری کی تیاری کیوں ہے؟ خبروں کے مطابق چوتھے سمن پر بھی کجریوال کے پیش نہیں ہونے پر ای ڈی نے اب انہیں پانچواں سمن جاری کرتے ہوئے 19 جنوری کو طلب کیا ہے۔عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ جو بدعنوان لیڈر بی جے پی میں چلے جاتے ہیں ان کے معاملے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ ہم نے کوئی بدعنوانی نہیں کی ہے۔ ہمارا کوئی لیڈر بی جے پی میں نہیں جائے گا۔ واضح رہے کہ ای ڈی نے اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گزشتہ سال 2 نومبر،21 دسمبر اور اسی سال 3 جنوری کوتفتیش کیلئے سمن بھیجا تھا لیکن تینوں ہی مرتبہ وہ ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور قانونی طور پر سمن کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ اس کے بعد انہیں 18/جنوری کو چوتھی مرتبہ طلب کیا گیا تھا۔اروند کیجریوال ای ڈی کے سامنے پیش نہ ہوتے ہوئے آج18 جنوری کو وہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے ساتھ گوا جا رہے ہیں۔ آنے والے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں وہ گوا میں 18 ،19 اور 20 جنوری تک رہیں گے اور وہاں عام آدمی پارٹی کے کارکنان سے ملاقات کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ عوامی ریالی سے بھی خطاب کریں گے۔اس ضمن میں پوچھے گیے ایک سوال کے جواب میں کیجریوال نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق ہمیں جو بھی کرنے کی ضرورت ہوگی ہم وہ کریں گے۔ واضح رہے کہ دہلی آبکاری پالیسی سے جڑے منی لانڈرنگ کے اس معاملے میں دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور عآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ پہلے سے ہی جیل میں قید ہیں۔ ایسے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایجنسی اب وزیر اعلیٰ کیجریوال پربھی شکنجہ کس سکتی ہے۔