نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے آج دعویٰ کیا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسیاں بی جے پی کے حکم پر فرضی کیسیز میں دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کو گرفتار کر سکتی ہیں۔آتشی کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ہمیں اپنے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک میٹنگ ہوئی ہے اور بی جے پی نے تفتیشی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ چیف منسٹر آتشی کو فرضی کیسیز میں گرفتار کریں۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پیعآپ کی توجہ اسمبلی انتخابی مہم سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔عآپ کے سربراہ نے کہاکہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹیشن میں اتیشی پر جعلی کیس تیار کر رہے ہیں اور خواتین کے لیے مفت بس سفر کی اسکیم کو روکنا چاہتے ہیں۔کجریوال نے کہاکہ جب تک میں زندہ ہوں، میں خواتین کے لیے مفت بس سفر کی اسکیم کو رکنے نہیں دوں گا۔دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ نے بھی ایکس پر ایک پوسٹ میں الزام لگایا کہ بی جے پی ان کی پارٹی کی مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا اور سنجیوانی یوجنا سے گھبرا گئی ہے۔دہلی حکومت کے خواتین اور بچوں کی نشوونما اور صحت کے محکموں نے آج ایک عوامی نوٹس جاری کیا جس میں حکمران عآپ کی مجوزہ اسکیموں سے خود کو الگ کر لیا گیا جس میں خواتین کے لیے 1200روپے اور بزرگوں کے لیے مفت علاج شامل تھا۔. اس سے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔