نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی کیس میں گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی درخواست پر پیر کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع تفصیلات کے مطابق جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتہ کی بنچ 29 اپریل کو کیس کی سماعت کرے گی۔پچھلے ہفتے، عآپ کنوینر کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے جسٹس کھنہ کی قیادت والی بنچ کو بتایا تھا کہ کجریوال کی عرضی 6 مئی کو سماعت کیلئے درج ہے۔ اس کے جواب میں جسٹس کھنہ نے سینئر وکیل سے کہا تھا کہ وہ معاملے کی فوری فہرست کے لیے ای میل بھیجیں۔ اس کے بعد کیس کی سماعت کی تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی۔سپریم کورٹ میں داخل کردہ اپنے نئے حلف نامہ میں کجریوال نے ان کی گرفتاری کو سیاسی طور پر محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔