بلدی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی پر اظہارتشکر
سورت : چیف منسٹر دہلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال آج گجرات کے شہر سورت پہنچے اور انہوں نے شہر کے عوام سے اظہارتشکر کیا جہاں ان کی پارٹی نے حالیہ بلدی انتخابات میں 27 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے شہر کے ایرپورٹ پر پہنچنے کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ میں یہاں سورت کے عوام سے اظہارتشکر کیلئے پہنچا ہوں۔ انہوں نے شہر میں روڈ شو بھی منعقد کیا۔ اپنے دورہ کے دوران انہوں نے مقامی عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ عام آدمی پارٹی نے گجرات کے 6 شہروں میں سے ایک شہر سورت میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 27 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ گجرات کی سیاست میں عام آدمی پارٹی نے قدم رکھا ہے۔ اگرچیکہ بی جے پی نے 120 رکنی سورت میونسپل کارپوریشن میں 93 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے لیکن عام آدمی پارٹی کی کامیابی بی جے پی کیلئے شدید دھکہ ہے۔