کجریوال کی گرفتاری پرسوالیہ نشان‘ مودی حکومت پر تنقید

   

آندھرا کے رکن پارلیمنٹ نے اپنے بیٹے کو بچانے اپنا بیان بدل دیا ‘اہلیہ سنیتا کجریوال کا دعویٰ

نئی دہلی: چیف منسٹردہلی اروند کجریوال کی اہلیہ سنیتا کجریوال نے ہفتہ کو ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو میں سنیتا کجریوال دعویٰ کیا ہے کہ آندھرا پردیش کے ایک رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کو ای ڈی نے ہراساں کیا اس لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو بچانے کی خاطر کجریوال کے خلاف جھوٹا بیان دیا۔ سنیتا کجریوال نے دو منٹ 18 سکنڈ کے ویڈیو میں ای ڈی پر سنگین الزامات بھی لگائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کجریوال جی کو این ڈی اے کے ایک رکن پارلیمنٹ منگوٹا سری نواسولو ریڈی (ایم ایس آر) کے بیان پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ آندھرا پردیش سے این ڈی اے کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ 17 ستمبر 2022 کو ایم ایس آر کے مقامات پر ای ڈی نے چھاپہ مارا تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کبھی اروند کجریوال سے ملے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہاں، میں نے اروند کجریوال سے 16 مارچ 2021 کو دہلی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی تھی۔ میں دہلی میں ایک فیملی چیریٹیبل ٹرسٹ کھولنا چاہتا تھا اور اس کیلئے میں نے زمین کے بارے میں ملاقات کی۔ کجریوال جی نے کہا کہ زمین ایل جی کے پاس ہے آپ درخواست دیں ہم دیکھیں گے۔سنیتا نے کہاکہ ای ڈی کو ایم ایس آر کا جواب پسند نہیں آیا کچھ دنوں کے بعد ای ڈی نے ایم ایس آر کے بیٹے راگھو منگوٹا کو گرفتار کر لیا۔ ایم ایس آر کا بیان پھر لیا گیا لیکن وہ اپنے پہلے والے بیان کو دہراتے رہے کیونکہ یہ سچ تھا اور ان کے بیٹے راگھوا ریڈی کی ضمانت مسترد ہوتی رہی۔ سنیتا نے مزید کہا کہ 17 جولائی 2023 کو ایم ایس آر نے ای ڈی میں اپنا بیان بدل دیا۔ اب انہوں نے کہا کہ میں 16 مارچ 2021 کو میں کیجریوال جی سے ملنے گیا تھا اور کجریوال جی نے مجھ سے کہا کہ دہلی میں شراب کا کاروبار شروع کرو اور اس کے بدلے میں عام آدمی پارٹی کو 100 کروڑ روپے دو۔ کجریوال جی سے یہ میری پہلی اور آخری ملاقات تھی۔ وہاں 10تا12 لوگ بیٹھے تھے۔ اگر کسی کو کسی سے پیسے مانگنے ہوں تو کیا وہ کسی اجنبی سے پہلی ہی ملاقات میں 10 سے 12 لوگوں کے سامنے اس طرح پیسے مانگے گا؟اس بیان کے بعد اگلے ہی دن ای ڈی نے ایم ایس آر کے بیٹے راگھو کو ضمانت مل گئی۔ ظاہر ہے کہ ایم ایس آر کا یہ بیان جھوٹ ہے۔

، وہ خود کہہ رہے ہیں کہ کجریوال جی سے یہ ان کی پہلی اور آخری ملاقات تھی۔ کیا مودی جی کیجریوال جی کے ساتھ ٹھیک کر رہے ہیں؟ اس ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ پورا ملک جان سکے کہ مودی جی کس طرح ای ڈی۔سی بی آئی کے ذریعے ایک گہری سیاسی سازش کے تحت کجریوال اور عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔