کجریوال کے بنگلے کی تزئین،سی بی آئی کرے گی جانچ

   

نئی دہلی : مرکزی وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش سے متعلق الزامات کی سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا۔ جانچ ایجنسی نے اس کے بعد اس معاملے میں ابتدائی تحقیقات درج کیں۔سی بی آئی نے دہلی حکومت کے تحت محکمہ تعمیرات عامہ کو 3 اکتوبر تک تمام دستاویزات حوالے کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی جانچ ایجنسی دہلی کے چیف سکریٹری کے ذریعہ کی گئی انکوائری کے بعد سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے تمام پہلوؤں کی انکوائری کرے گی۔دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی طرف سے مئی میں سی بی آئی ڈائریکٹر کو لکھے گئے پانچ صفحات کے خط کی بنیاد پر انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں وزارت داخلہ کی طرف سے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کے خصوصی آڈٹ کا بھی حکم دیا گیا ہے۔اس سال کے شروع میں ایک تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب اروند کجریوال پر بی جے پی نے دہلی کے سول لائنز میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر تقریباً 45 کروڑ روپے خرچ کرنے کا الزام لگایا تھا۔