کرائے پرطیارے فراہم کرنے والی کمپنی کا قیام

   

ریاض : سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مملکت میں فضائی شعبے کو جدید خطوط پراستوارکرنے کی غرض سے ’ایویل لیز‘ کمپنی کے قیام کا اعلان کیاہے۔ یہ کمپنی ہوائی جہاز کرائے پر فراہم کیا کرے گی۔ اخبار 24 کے مطابق مذکورہ کمپنی کا آپریشنل پروگرام کافی وسیع ہوگا۔ کمپنی طیارے خرید کر انہیں کرائے پر بھی فراہم کرے گی اور طیارہ ساز کمپنیوں سے براہ راست سودے بھی کیا کرے گی۔ کمپنی سرمایہ کاری کی اسکیمیں بھی چلائے گی۔ اس کے پاس جدید طرز کے مختلف کمپنیوں کے طیاروں کا بیڑا ہوگا۔ طیارے دنیا کی بڑی طیارہ ساز کمپنیوں سے حاصل کیے جائیں گے۔ کمپنی کے انتظامات فضائی شعبے کے منتخب ماہرین کریں گے۔ کمپنی فضائی شعبے کے ماہر سعودی تیار کرنے کی سکیمیں بھی نافذ کرے گی۔