نئی دہلی ؍ ممبئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج دیویندر فڈنویس کی چیف منسٹر مہاراشٹرا کے طور پر حلف برداری کو ہندوستان کی تاریخ میں ’’سیاہ باب‘‘ قرار دیا اور ادعا کیا کہ بی جے پی نے ریاست میں ’’غیرواجبی‘‘ حکومت بناتے ہوئے ’’کنٹراکٹ کلر‘‘ کی حرکت کی ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے اعتماد بھی ظاہر کیا کہ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کی حکومت ریاست میں ضرور بنے گی۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان اعلیٰ کانگریس رندیپ سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ گورنر نے پھر ایک بار خود کو صدر بی جے پی امیت شاہ کا ’’شکار‘‘ ثابت کیا ہے۔ ممبئی میں بھی پریس کانفرنس میں سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے کہا کہ جس طرح خفیہ انداز میں فڈنویس کو چیف منسٹر اور اجیت پوار کو ڈپٹی چیف منسٹر کا حلف دلایا گیا، وہ ریاست کی تاریخ میں داغ کے طور پر لکھا جائے گا۔ پٹیل نے دیگر سینئر پارٹی قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس میں ایسے الزامات کو خارج کردیا کہ کانگریس نے ممکنہ اتحادی حکومت کی تشکیل کے عمل میں اپنی طرف سے تاخیر کی۔ قبل ازیں احمد پٹیل نے کہا کہ کانگریس کے ایم ایل ایز پارٹی کے ساتھ برقرار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فلور ٹسٹ سے قبل مناسب سمجھا گیا تو پارٹی ایم ایل ایز کو احتیاطاً جئے پور منتقل کیا جاسکتا ہے۔