کراچی میں نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی میں سخت گیر مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ اس ریلی میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے حوالے سے فرانس کی پالیسی کی مذمت کی گئی۔تحریکِ لبیک پاکستان نامی سخت گیر اور کئی حلقوں کی طرف سے انتہا پسند قرار دی جانے والی مذہبی سیاسی جماعت کے سربراہ خادم حسین رضوی ہیں۔ انہیں پاکستان میں سنی بریلوی عقیدے کے حامل حلقوں میں شہرت خاص طور پر توہین رسالت کے قانون کی پر زور حمایت، مقتول گورنر سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز حسین قادری کو غیر معمولی وقعت دینے اور توہینِ رسالت کے الزام سے رہائی پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت برقرار رکھنے کے حق میں بڑھ چڑھ کر دیے جانے والے بیانات کی وجہ سے حاصل ہوئی تھی۔شرکاء نے عوام سے کہا کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کا واضح طور پر بائیکاٹ کریں۔ شرکاء نے ریلی کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی تصاویر کو پاؤں تلے بھی روندا۔ اس کے علاوہ فرانسیسی پرچم جلایا بھی گیا۔ شرکاء نے ‘ناموس رسالت کیلئے ہر قسم کی جانی اور مالی قربانی‘ دینے کے عزم کا بھی ظاہر کیا۔