کراچی کے لیاری میں 5منزلہ عمارت گرگئی،7 افراد ہلاک

   

کراچی، 4 جولائی (یو این آئی) کراچی میں لیاری علاقے بغدادی میں 5 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی، حادثہ میں 7 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے موقع پر موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ کراچی کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ عمارت زمیں بوس ہونے سے کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ 8افراد کو بچالیا گیا ہے ۔وزیربلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ عمارت منہدم ہونے کے حادثے میں7 افراد جاں بحق اور 9زخمی ہوئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کاخدشہ ہے ، عمارت کا ملبہ ہٹانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ عمارت کو 2جون2025کو آخری نوٹس جاری کیا گیاتھا، عمارت کی یوٹیلٹی سروسزختم کرنے کیلئے بھی خطوط لکھے گئے تھے ۔وزیربلدیات نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں خط کے ذریعہ عمارت خالی کرانے کا کہا گیا تھا۔واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹ کمیٹی نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لیے شہر بھر میں حکام کی جانب سے خطرناک قرار دی گئی 570 سے زائد عمارتوں کو خالی کرانے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت گرگئی، عمارت کے ملبے سے مکینوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے ۔ریسکیو ادارے ایدھی نے ڈان کو بتایا کہ حادثہ لیاری کے علاقے آٹھ چوک میں چوبیس گھنٹہ کلینک کے قریب پیش آیا۔شہید بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر سول ہسپتال کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حادثے میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ۔ سالہ فاطمہ زوجہ بابو اور 35 سالہ چندہ زوجہ جمعہ شامل ہیں۔ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بتایا کہ عمارت کے ملبے تلے 20 سے 25 افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔