اسلام آباد ۔ 19 جنوری (ایجنسیز) کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ پر تقریباً 36 گھنٹوں بعد قابو پا لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس حادثے میں ایک فائر فائٹر سمیت کم از کم 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے، جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ یہ آگ ہفتہ کی رات کراچی شہر کے کاروباری علاقے میں واقع کثیر منزلہ گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں بھڑکی اور 24 گھنٹے سے زیادہ تک جلتی رہی، جس سے گنجان آباد علاقہ میں ریسکیو کارروائیاں متاثر ہوئیں۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں اس حادثہ میں ایک فائر فائٹر سمیت کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ فائر فائٹرز نے پیر کے روز 60 سے زائد لاپتہ افراد کی تلاش شروع کی۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کے مطابق آگ بجھا دی گئی ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، مگر شدید نقصان کے باعث فائر بریگیڈ نے عمارت کے اندر کارروائی روک دی ہے اور ابھی صرف ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ اتوار کی رات سے مزید پانچ افراد کی لاشوں کے حصے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، نکالے گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق 54 سے 59 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ پولیس موبائل فون ڈیٹا کے ذریعہ گمشدہ افراد کا سراغ لگا رہی ہے اور اہل خانہ سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ لاپتہ افراد کے 59 نمبرز حاصل کیے گئے ہیں جن میں سے 26 کی لوکیشن گل پلازہ کے قریب ٹریس ہوئی ہے، جبکہ مزید جانچ جاری ہے۔ دھواں اور جھلسنے کے باعث درجنوں افراد زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔