حیدرآباد /12 جولائی ( سیاست نیوز ) کرایہ دار لڑکیوں کے کمرے میں خفیہ کیمرہ لگانے والے مکان مالک کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ شہر کے وینکٹاگیری علاقہ کی ہاشم کالونی میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرایہ دار لڑکیوں کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مکان مالک سلیم کو گرفتار کرلیا ۔ سلیم نے مکان کرایہ پر دیا تھا جہاں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا رہتا ہے ۔ جن میں بھائی بہن بتائے گئے ہیں ۔ دو لڑکیاں اور ایک لڑکا جوبلی ہلز علاقہ میں واقع ایک رسٹورنٹ میں کام کرتے ہیں ۔ دو ماہ قبل سلیم نے انہیں مکان کرایہ پر دیا تھا ۔ مکان مالک پر الزام ہے کہ اس نے برقی میٹر کے باکس میں خفیہ طور پر کیرہ نصب کردیا اور کمرے کی سرگرمیوں کو کیمرے کے ذریعہ دیکھ رہا تھا ۔ لڑکیوں کا تنہائی میں وقت گذارنا اور لڑکیوں کی حرکتوں کو کیمرے کے ذریعہ دیکھنے کا سلیم پر الزام ہے ۔ گذشتہ روز لڑکیوں کی نظر برقی باکس پر پڑی جس کے ذریعہ ایک وائر سلیم کے پورشن میں جارہا تھا ۔ لڑکیوں کو شبہ ہوا اور انہوں نے پولیس میں شکایت کردی اور سلیم پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں کہ سلیم اس خفیہ کیمروں سے ان کے نجی معاملات میں دخل دے رہا تھا ۔ لڑکیوں کا کمرے میں کپڑے بدلنا اور آرام کرنا یہ سب مکان مالک دیکھ رہا تھا ۔ ان نوجوان لڑکیوں کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے مکان مالک کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے کیمرہ اور دیگر ریکارڈ مواد کو ضبط کرلیا ۔ ع