کرایہ دار نوجوان لڑکی کے ساتھ دست درازی مکاندار پولیس کانسٹبل کے خلاف مقدمہ

   

حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مظلوم کی مدد کرنے والے ہی ظالم بنتے جارہے ہیں۔ اس طرح کا ایک واقعہ سائبرآباد کے علاقہ شنکر پلی پولیس حدود میں پیش آیا جہاں ایک 14 سالہ لڑکی سے مبینہ دست درازی کرنے والے کانسٹبل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس کی ساکھ کو متاثر کرنے والے اس کانسٹبل کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کردیا گیا اور شکایت پر کانسٹبل شیکھر کے خلاف پولیس نے پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹبل شیکھر جو کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن سے وابستہ تھا شنکر پلی علاقہ میں رہتا ہے۔ اس کے مکان میں کرایہ دار نوجوان لڑکی سے اس نے دست درازی کی ۔ مکان میں لڑکی کو تنہا پاکر وہ اس کے مکان میں داخل ہوگیا اور لڑکی سے بدسلوکی کرنے لگا۔ اس دوران لڑکی کی والدہ پہنچی اور چیخ و پکار شروع کردی۔ پولیس نے لڑکی اور اس کے افراد خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے پولیس کے ظلم کا شکار خواتین کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ گزشتہ روزایک سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں خاتون کے شوہر نے پکڑ لیا تھا جبکہ ہمایوں نگر اور چکڑ پلی پولیس اسٹیشن حدود میں پولیس عہدیداروں کو ناجائز تعلقات کے الزامات میں معطل کردیا گیا تھا۔ ایسے واقعات پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ ع