کرایہ دار پر مالک مکان کا حملہ ،پولیس کو ملزم کی تلاش

   

حیدرآباد۔/10 مارچ، ( سیاست نیوز) سنتوش نگر راج نرسمہا کالونی میں پیش آئے ایک واقعہ میں مالک مکان اور اس کے بیٹے نے مبینہ طور پر کرایہ دار پر ایسیڈ سے حملہ کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 20 سالہ محمد عبدالفاروق اور اس کی ماں کوثر سنتوش نگر علاقہ میں سرور خان کا مکان 11 ماہ قبل کرایہ پر حاصل کیا تھا اور مکان کے تخلیہ پر تنازعہ چل رہا تھا۔ حالیہ دنوں کرایہ دار کو سرور خان نے مکان خالی کروادیا تھا اور پیشگی کرایہ کیلئے فاروق اور اس کی ماں 7 مارچ کو سرور خاں کے مکان پہنچے تھے ۔ رقم کی واپسی کے دوران سرور خاں کے بیٹے افضل خاں نے مبینہ طور پر اپنے فون سے ایک تصویر کھینچی اور اس تصویر کو انسٹاگرام ایپ پر اپ لوڈ کردیا اور اس کے ساتھ مبینہ طور پر قابل اعتراض مواد بھی تحریر کیا۔اس مسئلہ پر سرور خاں اور فاروق کے درمیان بحث ہوئی اور اسی دوران سرور خاں کے بیٹے نے فرش کی صفائی کرنے والے ایسیڈ سے حملہ کردیا۔ فاروق نے فوری سنتوش نگر پولیس میں شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سرور خاں کے بیٹے اور دیگر افراد خاندان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307 ( اقدام قتل ) کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کردی۔ انسپکٹر سنتوش نگر بھوجیا نے کہا کہ مکاندار سرور خاں کی تلاش جاری ہے اور اسے عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا۔