کرایہ دار کے بقایاجات پر مکان دار کا برقی کنکشن منقطع نہیں کیا جاسکتا: تلنگانہ ہائی کورٹ

   

حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے برقی بقایا جات کی کرایہ دار کی جانب سے عدم ادائیگی پر عمارت کے مالک کا برقی کنکشن منقطع کرنے سے متعلق محکمہ برقی کے فیصلے پر ناراضگی جتائی۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ نے تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کو برقی کنکشن فوری بحال کرنے کی ہدایت دی۔ بالانگر کے راجیو گاندھی نگر میں کرایہ دار کی جانب سے 23.8 لاکھ روپے کے برقی بقایاجات ادا نہیں کئے گئے۔ عدالت نے کہا کہ محکمہ برقی نے طریقہ کار کو اختیار ک ئے بغیر ہی کارروائی کی ہے۔ الیکٹریسٹی ایکٹ کے تحت 15 دن کی نوٹس جاری نہیں کی گئی۔ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی نے جولائی 2022 میں میگھنا فارما کمپنی کو برقی منقطع کرنے کی نوٹس دی تھی، اس وقت تک کمپنی نے عمارت کا تخلیہ کردیا۔ چونکہ بقایاجات ادا نہیں کئے گئے لہذا محکمہ برقی نے مالک مکان کا برقی کنکشن منقطع کردیا۔ مالک مکان نے اس سلسلہ میں کنزیومر فورم میں شکایت کی جہاں ان کے حق میں فیصلہ سنایا گیا، بعد میں درخواست گذار کے خلاف ڈسٹریبیوشن کمپنی نے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ نے ڈسٹریبیوشن کمپنی کے موقف سے اختلاف کرتے ہوئے برقی کنکشن فوری بحال کرنے کی ہدایت دی۔ 1