کرایہ کی عدم ادائیگی پرتحصیل آفس مقفل

   

نظام آباد: 30/اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)موپال منڈل ہیڈکوارٹر میں واقع تحصیل آفس کا کرایہ ادا نہ کرنے پر مکان مالک نے عہدیداروں کو باہر نکال کر آفس کو مقفل کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 14 مہینوں سے کرایہ نہ ملنے پر ناراض مالک گنگاوا نے دوپہر کے وقت دفتر میں موجود تمام آفسران کو باہر نکال کر دفتر کومقفل کردیا۔اس موقع پر گنگاوا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 14 مہینوں سے افسران ہر مہینے کا دس ہزار روپے کرایہ ادا نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار افسران سے درخواست کرنے کے باوجود کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔تقریباً دو گھنٹے تک دفتر بند رہا۔ بعد میں افسران نے اس معاملے کو اعلیٰ حکام کے علم میں لایا۔ تب اعلیٰ حکام نے جلد ہی کرایہ ادا کرنے کا تیقن دیا جس کے بعد مالک نے دفتر کا تالا کھول دیا۔ اس طرح دو گھنٹے تک یہ معاملہ چلتا رہا اور یہاں پر ہلچل پیدا ہو گئی تحصیل آفس کو ذاتی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے خانگی مکان میں کرائے پر آفس چلائی جا رہی ہے اور گزشتہ 14 ماہ سے کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک نے یہ اقدام کیا۔