بغداد 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کربلائے معلی میں احتجاج کرنے والوں پر نقاب پوش اور سیاہ لباس میں ملبوس عراقی سکیورٹی فورسیس نے آج اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں کم سے کم 18 افراد ہلاک اور دیگر سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ اس جنگ زدہ ملک میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری احتجاج کے درمیان یہ اب تک کا سب سے بڑا مہلک حملہ تھا۔ رات دیر گئے یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب عراقی رشوت ستانی اور نااہلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لگاتار پانچویں دن سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ یہ متواتر احتجاج کسی قیادت کے بغیر ہی جاری ہے اور پہلے روز سے ان احتجاجیوں کو آنسو گیاس اور بندوق کی گولیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایک ماہ سے جاری احتجاج میں تاحال سرکاری اعداد کے مطابق 149 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں کربلا میں ہونے والی 72 احتجاجیوں کی ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔
