کرتارپور آنے والے سکھ زائرین کوپاسپورٹ کی ضرورت نہیں : عمران

,

   

اسلام آباد،یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کوریڈور سے پاکستان آنے والے ہندوستانی سکھ عقیدت مندوں کے لئے بڑی راحتیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ کسی بھی شناختی کارڈ کی مدد سے یہاں آسکتے ہیں۔ خان نے جمعہ کو ٹویٹ کرکے دوسری راحت کا اعلان کرتے ہوئے کہا‘ہندوستانی عقیدت مندوں کو 10دن پہلے رجسٹریشن نہیں کرانا ہوگا۔افتتاح کے دن اور گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ خان کرتارپور کوریڈور کا افتتاح 9نومبر کو کریں گے۔ وزیراعظم نریندرمودی اسی دن ہندوستانی سرحد میں اس کوریڈور کا افتتاح کریں گے ۔اس کے بعد مودی پنجاب کے گرداس پور میں ڈیرا بابا نانک میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ۔ہندوستانی کی جانب سے پاکستان جانے والے وفد میں کانگریس لیڈر اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے شامل ہونے کا امکان ہے۔ سنگھ پہلے جتھے کے ساتھ پاکستان روانہ ہوں گے ۔اس دوران پاکستان نے کانگریس لیڈر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کوریڈور کے افتتاحی پروگرام میں حصہ لینے کیلئے خصوصی دعوت نامہ بھیجا ہے ۔حالانکہ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس کیلئے سدھو کو سیاسی منظوری لینی ہوگی۔ لہٰذا سدھو کا پاکستان جانا پر ہنوز یقینی نہیں ہے۔

پاکستان میں ٹرین حادثہ، مہلوکین کی تدفین
میرپور خاص (پاکستان) ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں تیزگام ایکسپریس کے شعلہ پوش ہوجانے اور 74 افراد کے ہلاک ہوجانے کے بعد کچھ مہلوکین کی تدفین کا آغاز ہوگیا۔ مہلوکین کے غمزدہ ارکان خاندان ایک سرکاری عمارت کی چھت پر جمع تھے جہاں خواتین کی کثیر تعداد تھی۔ نعشوں کو حادثہ کے مقام سے تدفین کیلئے بذریعہ ایمبولنس لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اور سب سے پہلے 40 سالہ محمد سلیم نامی شخص کی نعش کی تدفین بعد نماز فجر عمل میں آئی۔ محمد سلیم ایک کار میکانک تھا۔ نماز فجر بسم اللہ مسجد میں ادا کی گئی جہاں سے صرف دو روز قبل ہی ایک دو نہیں بلکہ پورے 42 افراد لاہور میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کیلئے ٹرین پر سوار ہوئے تھے۔ عہدیداروں کے مطابق ان لوگوں نے ٹرین میں ہی ناشتہ تیار کرنے کیلئے گیس سلینڈرس کا استعمال کیا جو دھماکہ سے پھٹ گئے۔ جس وقت ٹرین رحیم یار خان سے گزر رہی تھی اسی وقت دھماکہ ہونے سے دیگر تین بوگیاں شعلہ پوش ہوگئیں جس میں مجموعی طور پر 74 افراد ہلاک ہوئے جن میں کچھ ایسے مسافر بھی شامل ہیں جنہوں نے آگ سے بچنے کیلئے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی لیکن موت سے نہیں بچ سکے۔