کرتارپور تقریب کیلئے منموہن سنگھ مدعو ،پاکستان کا فیصلہ

   

اسلام آباد ۔ 30ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو تاریخی کرتارپور کاریڈور کی نومبر میں افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج یہ بات کہی ۔ یہ کاریڈور پاکستان میں کرتارپور کے دربار صاحب کو پنجاب کے ضلع گرداسپور میں گردوارہ بابا نانک سے جوڑے گا اور ویزا کے بغیر ہندوستانی یاتریوں کی آمد و رفت کی سہولت فراہم کرے گا ، جنھیں کرتارصاحب جانے کیلئے صرف پرمٹ حاصل کرنے کی ضرورت رہے گی ۔ پاکستان طئے شدہ پروگرام کے تحت ہندوستانی سکھ یاتریوں کے لئے 9 نومبر کو کرتارپور کاریڈور کھولنا چاہتا ہے ، جس کے چند روز بعد 12نومبر کو بانی سکھ مت بابا گرونانک کا 550 واں یوم پیدائش ہے ۔ کرتارپور کاریڈور کا افتتاح ایک بڑا پروگرام ہے اور پاکستان اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کررہا ہے ۔ قریشی نے نشاندہی کی کہ وزیراعظم عمران خان نے اس میں شخصی دلچسپی لے رکھی ہے ۔ مشاورتوں کے بعد پاکستان نے افتتاحی تقریب کے لئے منموہن سنگھ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا جن کی ہم کافی تعظیم کرتے ہیں۔ وہ سکھ کمیونٹی کے نمائندہ ہوں گے ۔ پاکستان نے روزآنہ کی اساس پر ہندوستان سے پانچ ہزار سکھ یاتریوں کو کرتارپور کاریڈور کے ذریعہ نروال میں واقع گردوارہ دربار صاحب کو پہونچنے کی اجازت دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے پاکستان کے وزیرخارجہ کرتارپور کاریڈور کے پروگرام میں شرکت کے لئے 87 سالہ لیڈر کو باضابطہ تحریری دعوت نامہ بھیج رہے ہیں ۔ قریشی نے سینئر کانگریس پارٹی لیڈر کو مدعو کرنے کے فیصلے کی مدافعت کرتے ہوئے کہاکہ سکھ مت ڈاکٹر سنگھ کا مذہب ہے اور وہ سکھ کمیونٹی کے نمائندے ہیں۔