لاہور ۔ 28 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کرتارپور راہداری میں ایک دو نہیں بلکہ پورے 80 امیگریشن کاؤنٹرس قائم کئے ہیں تاکہ اس مقدس مقام پر آنے والے ہزاروں زائرین کی تیز رفتاری سے کلیئرنس ہوسکے۔ یاد رہیکہ گذشتہ ماہ ہندوپاک نے کرتارپور راہداری پر دستخط کئے تھے جس کے تحت ہندوستانی سکھوں کو بغیر ویزے کے گرداورہ دربار صاحب پر حاضری کا موقع مل سکے گا۔ اس طرح اب ہر روز 5000 سکھ زائرین گردوارہ دربار صاحب کا دورہ کرسکیں گے جہاں سکھوں کے گرونانک دیو نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال گزارے تھے۔ ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت داخلہ نے ہندوستانی زائرین کی سہولت کیلئے تین داخلی دروازے تعمیر کئے ہیں۔
