کرتارپور راہداری کا آغاز علاقائی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا ثبوت

,

   

ہم سکھ برادری کیلئے صرف سرحدات نہیں دل بھی کھول رہے ہیں۔ راہداری کے افتتاح کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا خطاب

کرتارپور ( پاکستان ) 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آج رسمی طور پر تاریخی کرتار پور راہداری کا سکھ مت کے بانی گرو نانک دیو کی 550 ویں یوم پیدائش سے قبل افتتاح انجام دیا ۔ عمران خان نے ایک پردہ ہٹاتے ہوئے راہداری کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر ہوا میں غبارے چھوڑے گئے اور ایک بڑے کیرپن کو بھی پیش کیا گیا ۔ عمران خان نے تقریبا 12,000 عقیدتمندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک سال قبل تک بھی کرتارپور کی اہمیت کا علم نہیں تھا ۔ آج کی تقریب میں سابق وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کرکٹر سے سیاستدان بننے والے نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک رہے ۔ گرونانک دیو نے کرتارپور صاحب میں اپنی زندگی کے 18 برس گذارے تھے ۔ عمران خان نے ہندوستانی سکھ زائرین کے پہلے جتھے کا خیر مقدم کیا جو اس راہداری سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے ۔ اس راہداری کے ذریعہ پاکستان میں گردوارہ دربار صاحب کو جوڑا گیا ہے جو گرو نانک کا مقام ہے ۔ اس گردوارہ کو پنجاب کے گرداس پور میں ڈیرہ بابا نانک سے جوڑا گیا ہے ۔ قبل ازیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سکھ زائرین کیلئے کرتارپور کے دروازے کھولدئے گئے ہیں۔ محمود قریشی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر دیوار برلن کو منہدم کیا جاسکتا ہے اور اگر کرتارپور راہداری کو کھولا جاسکتا ہے تو لائین آف کنٹرول کی عارضی سرحدات کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے ۔ ہندوستان میں وزیر اعظم نریندر مودی نے قبل ازیں ہندوستانی سکھ زائرین کے 500 نفوس پر مشتمل پہلے جتھے کو گرداس پور میں جھنڈی دکھاکر روانہ کیا ۔ نریندر مودی نے اس موقع پر کہا کہ کرتارپور راہداری کے آغاز کے بعد دربار صاحب گردوارہ میں حاضری دینا آسان ہوجائیگا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ وہ کرتارپور راہداری کو قوم کے نام معنون کرتے ہوئے خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ راہداری اور انٹیگریٹیڈ چیک پوسٹ سے عوام کو دوہر ی خوشیاں حاصل ہونگی ۔ جو پہلا سکھ جتھا کرتارپور کیلئے روانہ ہوا ہے اس میں اکال تخت کے جتھیدار ہرپریت سنگھ ‘ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ ‘ سابق چیف منسٹر پرکاش سنگھ بادل ‘ سکھ بیر سنگھ بادل اور ہرسمراٹ کور بادل بھی شامل ہیں۔ شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان اور پنجاب کے تمام 117 ارکان اسمبلی و ارکان پارلیمنٹ بشمول وزراء بھی اس پہلے جتھے میں شامل ہیں۔ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے سکھ برادری کو گرونانک دیو کی 150 ویں یوم پیدائش پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ کرتارپور راہداری کا تاریخی آغاز علاقہ کے امن کیلئے پاکستان کے عزم کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ علاقہ میں خوشحالی کا راستہ اور آئندہ کی نسلوں کا روشن مستقبل امن میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سکھ برادری کیلئے صرف سرحدات نہیں کھول رہے ہیں بلکہ اپنے دل بھی کھول رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے یہ اقدام گرونانک دیو کیلئے گہرے احترام کا ثبوت ہے اور سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا بھی اس فیصلے کے ذریعہ احترام کیا گیا ہے ۔

کشمیریوں کے ساتھ انصاف پر زور: عمران خان
کرتارپور( پاکستان )۔ /9 نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو عالیشان کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ کشمیریوں کیلئے’’ انصاف کو یقینی بنانے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان نئے راستے کھلیں گے اور تعلقات میں مجموعی بہتری ہوگی۔‘‘ عمران خان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان 70 سال سے جاری نفرت و بدگمانی کے نتیجہ میں مسئلہ کشمیر اور بھی پیچیدہ ہوگیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں طرف سے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ دونوں ملکوں کیلئے ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جاسکے۔ عمران خان نے امید ظاہر کی کہ کرتار پور راہداری دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کے مابین ایک خیرسگالی اور خوشگوار جذبہ پیدا کرے گی۔