کرتارپور معاہدے پر دستخط پاکستان عقیدت مندوں سے فیس لینے پر بضد

   

ڈیرا بابا نانک(گرداس پور)،24اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ ڈیرا بابا نانک سے کرتارپور صاحب گرودوارے تک کے گلیارے کو عقیدت مندوں کے لئے کھولنے سے متعلق معاہدے پر آج دستخط کردئے اور کہا کہ وہ پاکستانی حکومت کے ساتھ عقیدت مندوں سے وصولے جانے والے بیس ڈالر کی فیس کو معاف کرنے کی مسلسل اپیل کرتا رہے گا۔سکھوں کے پہلے گرو نانک دیو جی کے 550ویں یوم پیدائش (پرکاش پرو)کے موقع پر کرتارپور صاحب گرودوارے تک کا گلیارا ہندوستانی زائرین کے لئے کھولنے کے سلسلے میں طویل عرصے سے معاہدے کا انتظار تھا ،اس پر آج دستخط کردئے ۔ہندوستان کی جانب سے وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری ایس سی داس اور پاکستان کی جانب سے فارن سروس کے افسر محمد فیصل نے یہاں مفاہمت نامے پر دستخط کرکے دستاویزوں کا تبادلہ کیا۔اس کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے مسافروں کے رجسٹریشن کے لئے ایک ویب پورٹل کو بھی آج سے کھول دیا ہے ۔وزیراعظم نریندرمودی نونومبر کو ہندوستان کی جانب سے تیار کی گئی سہولیات اور مسافر ٹرمینل کا افتتاح کریں گے ،جو تقریباً تیار ہے اور مکمل ہونے کے آخری مرحلے میں ہے ۔