اسلام آباد ۔ 10 فبروری (ایجنسیز) “دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کردار، جرأت اور قابلیت جیسے لازوال عسکری اوصاف دراصل کامیابی کی ضمانت ہیں۔ پاکستانی فوج کے جوان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں انہی اوصاف کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کھاریاں میں 9 ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔ اختتامی تقریب سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے تمام ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل گشت پر مبنی عسکری مشق ہے، جس کا مقصد پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں میں مؤثر اضافہ کرنا ہے۔مشق میں شریک ٹیموں کے درمیان جدید خیالات اور حربی تجربات کا تبادلہ کیا گیا جبکہ بہترین عسکری طریقہ کار سے باہمی سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ یہ مشق 5 فروری 2026ء سے باقاعدہ طور پر منعقد کی گئی اور اسے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں انجام دیا گیا، جہاں علاقے نے حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ عملی ماحول فراہم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، عملی صلاحیت، جنگی مہارت اور بلند حوصلے کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کثیر القومی عسکری مشقوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں مشترکہ تیاری کو مضبوط بناتی ہیں اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی ناگزیر ہے۔