کردسیاست داں عبداللطیف رشیدعراق کے نئے صدر

   

بغداد : عراق کی پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز کرد سیاست دان عبداللطیف رشید کو ملک کا نیا صدر منتخب کرلیا ہے۔انھوں نے اپنے انتخاب کے فوری بعد محمد شیاع السودانی کو وزیراعظم نامزد کرکے نئی حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔دو قانون سازوں کے مطابق نئے صدرجمہوریہ کے انتخاب سے اب نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے اورملک میں ایک سال سے جاری سیاسی تعطل کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔78 سالہ رشید پیشے کے اعتبار سے انجینئر اور برطانیہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔وہ 2003 سے 2010ء تک عراق کے آبی وسائل کے وزیر رہ چکے ہیں۔عراق کے دستوری بندوبست کے مطابق صدر کا منصب روایتی طور پرکردوں کے لیے مخصوص ہے۔یہ بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے۔ فرقہ وارانہ تنازعات سے بچنے کے لیے وضع کردہ اقتدار کی تقسیم کے نظام کے تحت عراق کا صدر ایک کرد ہوتاہے، وزیراعظم شیعہ اوراس کی پارلیمنٹ کا اسپیکر سنی ہوتاہے۔