کرد فورسز حکومتی افواج میں ضم ہونے پر راضی

   

دمشق : شام میں ایوان صدر کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی شام کو کنٹرول کرنے والی کرد ملیشیا ایس ڈی ایف نے اپنے تمام عسکری اور سویلین اداروں کو شامی ریاست میں ضم کرنے کے ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔ شام کے صدارتی دفتر نے پیر کے روز بتایا کہ امریکی حمایت یافتہ کردوں کے زیرقیادت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے پیر کے روز شام کے نئے ریاستی اداروں میں شمولیت کے لیے ملک کی عبوری حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ایس ڈی ایف شام کے تیل کی دولت سے مالا مال شمال مشرقی حصے پر قابض ہے، جو اب تک قدرے خود مختار علاقہ رہا ہے۔ اس معاہدہ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) حکومت کے ساتھ اپنی دشمنی ختم کرے گی اور خطہ کی سرحدی چوکیوں، ہوائی اڈے اور تیل اور گیس کے اہم شعبوں کا کنٹرول شام کی حکومت کے حوالے کر دے گی۔ اس معاہدے میں کرد اقلیت کو شام کی ریاست کا اٹوٹ حصہ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور اس میں تمام شامیوں کے سیاسی عمل میں نمائندگی اور شرکت کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔