کرد فورسز کیساتھ جنگ بندی میں 15دن کی توسیع

   

دمشق، 25 جنوری (یو این آئی) ملک شام نے شمال مشرقی حصے میں جاری تناؤ کے درمیان ہفتہ کو اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے قیدیوں کو شام سے عراق منتقل کرنے میں مدد کے لیے کرد فورسز کے ساتھ جنگ بندی میں 15 دنوں کی توسیع کر دی ہے ۔ شامی دفاعی اتھارٹی نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی ہے ۔ بیان کے مطابق ”شامی فوج کے تمام علاقوں میں جنگ بندی” ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 11:00 بجے سے 15 دن کے لیے بڑھا دی گئی ہے ۔ یہ فیصلہ کرد قیادت والی ‘سیرین ڈیموکریٹک فورسز’ (ایس ڈی ایف) کے زیر انتظام جیلوں سے داعش کے قیدیوں کی منتقلی کے لیے امریکہ کی قیادت میں چلائی جانے والی مہم کی حمایت میں کیا گیا ہے ۔ یہ توسیع شامی فوج اور ایس ڈی ایف کے درمیان معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات اور نئی لڑائی کی تیاریوں کے درمیان ہوئی ہے ، جو شمال مشرقی شام میں ہفتوں تک جاری رہنے والے تنازع کے بعد حالیہ تناؤ کو کم کرنے کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے ۔ دریں اثناء، شام کے امورِ خارجہ کے نائب وزیر محمد طہٰ الاحمد نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ اتھارٹی کی تجاویز پر ایس ڈی ایف کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل نہیں ملا ہے اور انہوں نے گروپ پر بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام بھی لگایا۔