ریاستی اور ضلعی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل، اقلیتی بہبود حکام کی شرکت
حیدرآباد ۔14۔نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے 25 ڈسمبر کو سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب کے انعقاد کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس ، ڈائرکٹر و کمشنر اقلیتی بہبود یاسمین باشاہ آئی اے ایس ، کرسچین مینارٹیز فینانس کارپوریشن کی مینجنگ ڈائرکٹر شریمتی سبیتا اور اقلیتی بہبود کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کرسمس تقاریب شاندار پیمانہ پر منعقد کی جائیں۔ انتظامات کیلئے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے عہدیداروں میں ذمہ داریاں تقسیم کی جائیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ریاستی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ جات میں کرسمس تقاریب کیلئے علحدہ کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود کے لئے علحدہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی گئی ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کرسمس تقاریب کے لئے ایکشن پلان تیار کریں تاکہ مختلف پروگراموں کو قطعیت دی جاسکے۔ عہدیداروں نے ہر سال کرسمس تقاریب کی تفصیلات سے واقف کرایا جس کے تحت غریب عیسائی خاندانوں میں ملبوسات کا تحفہ پیش کیا جاتا ہے اور چیف منسٹر کرسمس ڈنر میں شرکت کرتے ہیں۔1