حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سرکاری سطح پر کرسمس تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں ریاستی وزراء کے ایشور، سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے آج شہر کے ارکان اسمبلی اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ میں منعقدہ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خاں، ارکان مقننہ ایم ایس پربھاکر، وانی دیوی، راجیشور راؤ، ایم گوپال، ڈی سبھاش ریڈی، پرکاش گوڑ، اے گاندھی، ایم گوپی ناتھ، اسٹیفن سن، میئر حیدرآباد وجے لکشمی، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم، کانتی ویسلی اور کرسمس تقاریب کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ ریاستی وزراء نے عہدیداروں سے کہا کہ کرسمس تقاریب کے انعقاد میں بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں کرسمس تقاریب میں 10 ہزار سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ شہر کے 24 ارکان اسمبلی کو 200 پاسیس جاری کئے جائیں گے۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ رمضان، بتکماں تہواروں کے ساتھ کرسمس کو سرکاری سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام مذاہب کی تقاریب کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان تہواروں میں غریبوں کو حکومت کی جانب سے بطور تحفہ ملبوسات پیش کئے جائیں گے۔ کرسمس تقاریب میں عیسائی طبقہ کی اہم شخصیتوں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے ساتھ اہم شخصیتوں کے ڈِنر کا اہتمام کیا جائے گا۔ر