کرسمس تقاریب کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں انعقاد کی تیاریاں

   

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا جائزہ اجلاس، لال بہادر اسٹیڈیم کی تقریب میں ریونت ریڈی شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔28۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ بڑے پیمانہ پر کرسمس تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہر سال کی روایت کے مطابق لال بہادر اسٹیڈیم میں کرسمس تقاریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی شرکت کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں کرسمس تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست بھر میں کرسمس کے موقع پر ہر اسمبلی حلقہ میں تقاریب کے انعقاد کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 200 علاقوں کے علاوہ ریاست کے 95 اسمبلی حلقوں میں تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے گریٹر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر کلکٹر کی نگرانی میں کمیٹیوں کی تشکیل کی تجویز پیش کی۔ کرسمس تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں ریاست گیر سطح پر تشکیل دی گئی کمیٹی کے ساتھ اجلاس میں بھٹی وکرمارکا نے لال بہادر اسٹیڈیم کی تقریب پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کرسچین طبقہ کو تقاریب میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور عید اور تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں۔ اجلاس میں کرسمس تقاریب کے لئے فنڈس کی اجرائی اور غریب عیسائی خاندانوں میں حکومت کی جانب سے ملبوسات کے تحفہ کی پیشکشی کا جائزہ لیا گیا ۔ صدرنشین کرسچین مینارٹیز فینانس کارپوریشن دیپک کو انتظامات کی نگرانی اور لال بہادر اسٹیڈیم کی تقریب کے اہتمام کی ذمہ داری دی گئی۔ کرسمس کے موقع پر سماجی خدمات کے لئے عیسائی طبقہ کی تنظیموں اور شخصیتوں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ ضلع واری سطح پر اداروں اور افراد سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین مینارٹیز فینانس کارپوریشن کو تہنیت کیلئے اداروں اور افراد کا تعین کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے کہا کہ ہر سال کرسمس تقاریب میں چیف منسٹر شرکت کرتے ہوئے عیسائی طبقہ کی معاشی ، سماجی اور تعلیمی ترقی کے لئے حکومت کے اقدامات کی وضاحت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے ضمن میں ریاست گیر سطح پر کرسمس تقاریب شاندار پیمانہ پر منعقد کی جائیں گی۔ اجلاس میں کرسچین میناریٹیز فینانس کارپوریشن کے صدرنشین دیپک جان ، پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس ، ڈائرکٹر جی اے ڈی ایس وینکٹ راؤ ، اقلیتی فینانس کارپوریشن کی نائب صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر کانتی ویسلی ، سابق رکن اسمبلی کرسچین لازرس، تلنگانہ کرسچین مینارٹیز فینانس کارپوریشن کی مینجنگ ڈائرکٹر سبیتا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1