نیویارک ۔ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کی وجہ سے کرسمس کے موقع پر سفر کرنے والوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔ ’فلائٹ اویئر ڈاٹ کام‘ نامی ویب سائٹ کے ڈیٹا کے مطابق اس اختتام ہفتہ پر، جب کئی لوگ اپنے اپنے گھروں کو پہنچنے کی کوششوں میں تھے، دنیا بھر میں 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ جمعہ کو 2,400 پروازیں منسوخ ہوئیں اور 11,000 تاخیر سے اڑیں۔ ہفتہ کو 1,400 پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ آج اتوار کو 1,500 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ بیشتر واقعات میں جہاز کا عملہ بیماری کی سبب ڈیوٹی نہ کرسکا، جس وجہ سے پرواز منسوخ کرنا پڑ گئی۔