حیدرآباد میں ایک لاکھ پیاکٹس تقسیم کا نشانہ، کرسمس سے قبل ہر ضلع میں تقاریب
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے کرسمس کے موقع پر عیسائی طبقہ کے غریب خاندانوں میں ملبوسات پر مشتمل گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ کرسچین فینانس کارپوریشن کی جانب سے تمام اضلاع میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ حج ہاؤز نامپلی سے آج تقسیم کے مراکز کے لئے گفٹ پیاکٹس روانہ کئے گئے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور مینجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن کانتی ویزلی نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ہر سال رمضان المبارک اور بتکماں کے موقع پر بھی حکومت کی جانب سے ملبوسات کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ کانتی ویزلی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کرسمس کی خوشی میں غریب عیسائیوں کو شامل کرنے کیلئے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا آغاز کیا ہے۔ ہر پیاکٹ میں ایک ساڑی ، ایک چوڑی دار شرٹ شلوار اور پینٹ شرٹ رکھا گیا ہے تاکہ ایک غریب خاندان کے تین افراد کرسمس تہوار مناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ ہر بلدی ڈیویژن میں 500 گفٹ پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے جبکہ دیگر اضلاع میں 95,000 گفت پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ ہر اسمبلی حلقہ کے لئے ایک ہزار پیاکٹس روانہ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس سے قبل تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ متعلقہ وزراء ، ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹرس سے مشاورت کے بعد تقسیم کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر 25 ڈسمبر کو کرسمس کے موقع پر غریب عیسائیوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر سیکولر چیف منسٹر ہیں اور تمام مذہب کا احترام کرتے ہیں۔ تمام مذاہب کے عید و تہوار سرکاری طور پر منائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔
