لاہور: آسٹریلیا کے سابق تیز گیند باز جیسن گلسپی کو پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز گیری کرسٹن کو محدود اوورز کی ٹیموں کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ سیریز کے لیے عارضی طور پر تعینات کیے گئے اظہر محمود اسسٹنٹ کوچ کے طور پر اپنی خدمات جاری رکھیں گے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم میڈیکل سائنس میں اتنے ترقی یافتہ نہیں ہیں، اس لیے ہمارے ملک میں فٹنس کے مسائل ہیں۔ ہم بہترین آپشنز کا انتخاب کرنا چاہتے تھے تاکہ ملک کیلئے بہترین نتائج سامنے آسکیں۔ ہم نے جن لوگوں کو منتخب کیا ہے ان کا ریکارڈ بہترین ہے ۔ سابق کوچ گرانٹ بریڈ برن کو رواں سال جنوری میں ان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا اور پھر شین واٹسن کو ہیڈ کوچ بنانے کیلئے رابطہ کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں معاملات ٹھیک نہیں ہوئے اور اب سرخ اور سفید گیند والی ٹیموں کیلئے الگ الگ کوچز کا تقرر کر دیا گیا ہے ۔