کرسٹیانو رونالڈو ہالی ووڈ میں داخلہ کے لیے تیار

   

لندن،21 جنوری (یواین آئی ) فٹ بال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ کرسٹیانو رونالڈو اب بڑی اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، پرتگالی اسٹار جلد ہی ہالی ووڈ کی مشہورِ زمانہ ایکشن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کا حصہ بنیں گے ۔اس سنسنی خیز خبرکی تصدیق ہالی ووڈ اسٹار ون ڈیزل نے کی ہے ، جنہوں نے کہا کہ رونالڈوکا اگلی فلم میں کردار پہلے ہی طے کیا جا چکا ہے ۔ اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق آرسنل اسٹار اور ورلڈکپ ونر ایمانوئل پیٹی نے کہا، رونالڈو میں وہ چارم اور شخصیت موجود ہے جو ایک بڑے فلمی اسٹار میں ہونی چاہیے ۔ مجھے حیرت ہے کہ ہم فلموں میں کھلاڑیوں کوکم کیوں دیکھتے ہیں جبکہ وہ انفلوئنسرز سے کہیں زیادہ متاثرکن ہوتے ہیں۔ایمانوئل پیٹی کا ماننا ہے کہ رونالڈو اپنی محنت اور مضبوط اعصاب کی بدولت ایک دن آسکر ایوارڈ بھی جیت سکتے ہیں۔رونالڈو جلد ہی 1000 گولز کا ہدف مکمل کرنے والے تاریخ کے پہلے فٹ بالر بننے والے ہیں۔ 40 سالہ اسٹار نے سعودی کلب کے ساتھ 2027ء تک اپنے معاہدے میں توسیع کر لی ہے۔