حیدرآباد۔ 31 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کرسچن میناریٹیز فینانس کارپوریشن کی جانب سے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کے تحت عیسائی طبقے کے امیدواروں میں کل یکم فروری کو ماروتی سویفٹ ڈیزائر گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔ منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی نے بتایا کہ ایس ایس، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی امیدواروں کے لیے ماروتی موٹرس، اوبیر کیاب سرویس اور ایس بی آئی کے اشتراک سے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ سال 2018-19کے لیے کارپوریشن کو عیسائی امیدواروں کی جانب سے 317 درخواستیں موصول ہوئیں۔ 133 عیسائی طبقے کے ڈرائیورس اسکیم کیلئے اہل قرار دیئے گئے۔ ان کی گاڑیاں اوبیر سرویس سے مربوط کی جائیں گی جو حیدرآباد میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور یکم فروری 11:30 بجے دن ٹورازم پلازا بیگم پیٹ میں منتخب 133 ڈرائیورس میں ماروتی سویفٹ ڈیزائر ٹور ایس گاڑیاں تقسیم کریں گے۔ 30 اضلاع سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں اور 133 کو اہل قرار دیا گیا۔ کانتی ویسلی نے منتخب امیدواروں سے خواہش کی کہ وہ مقررہ وقت پر موجود رہیں۔ خود روزگار اسکیم کے تحت حکومت نے ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام متعارف کیا ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت بھی اس اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے۔