حیدرآباد۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے آج کوکہ پیٹ ضلع رنگاریڈی میں کرسچن بھون کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ رنگاریڈی کے میڑچل اور وقارآباد میں عیسائیوں کو قبرستان کے لیے 40 ایکر 21 گنٹے اراضی الاٹ کرنے کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی، حکومت کے مشیر اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا، ارکان اسمبلی اسٹیفن سن، پرکاش گوڑ اور دیگر شخصیتوں نے شرکت کی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ حکومت نے کرسچن بھون کی تعمیر کے لیے سروے نمبر 240 موضع کوکہ پیٹ گنڈی پیٹ منڈل میں دو ایکر اراضی الاٹ کی ہے۔ 10 کروڑ روپئے کے صرفے سے کرسچن بھون تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ہائوزنگ بورڈ کارپوریشن کو تعمیری کام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے تیقن کے مطابق حکومت نے میڑچل اور وقارآباد اضلاع میں عیسائی قبرستانوں کے لیے 40 ایکر 21 گنٹے اراضی الاٹ کی ہے۔ مستقبل قریب میں مزید 22 ایکر اراضی الاٹ کی جائے گی۔ اراضی کی کمپائونڈ وال کی تعمیر کا کام تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو دیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں عیسائی قبرستانوں کے لیے خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کے سی آر حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ رمضان اور کرسمس تہوار حکومت کی سطح پر منائے جاتے ہیں اور چیف منسٹر ڈنر کا اہتمام کرتے ہیں۔