’کرسچن صہیونیت‘ خطرناک نظریہ : یروشلم مسیحی رہنما

   

یروشلم ۔ 19 جنوری (ایجنسیز) یروشلم کے مسیحی رہنماؤں نے کرسچن صیہونیت کو ایک خطرناک نظریہ قرار دے دیا ہے۔ یروشلم کے عیسائی رہنما منذر اسحاق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ مسیحی صیہونیت ایک گمراہ کن سوچ ہے جو عوام کو غلط سمت میں لے جا رہی ہے اور اسرائیلی مسیحی برادری میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کرسچن صیہونیت کا نظریہ مسیحیوں کو اسرائیل کی حمایت پر آمادہ کرتا ہے جبکہ فلسطینی مسلمانوں اور مسیحی شہریوں کے بنیادی حقوق کو تسلیم نہیں کرتا۔ دوسری جانب یروشلم کے مختلف گرجا گھروں کے پیٹریارک اور دیگر مسیحی رہنماؤں نے بھی اس نظریے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسچن صیہونیت ایک نقصان دہ سوچ ہے جو مقدس سرزمین میں عیسائی برادری کے لیے خطرات پیدا کر سکتی ہے۔