کرسی بچانے ، دوستوں پرلٹانے والا بجٹ:کانگریس

,

   

کسان بدستور پریشان، کانگریس کی سیلجا کی تقریر ،بجٹ پر لوک سبھا میں مباحث کا آغاز

نئی دہلی: کانگریس نے چہارشنبہ کو سال 2024-25کے بجٹ کو ’کرسی بچانے ‘ اور ’دوستوںپر مہربان‘ والا قرار دیا، جبکہ بی جے پی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے بجٹ کا حجم چار گنا بڑھا دیا ہے اور ملک کی مجموعی ترقی کی رفتار کو بڑھا دیا ہے ۔عام بجٹ 2024-25 پر لوک سبھا میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کی کماری سیلجا نے کہا کہ اس سال کا بجٹ کچھ لوگوں کیلئے مہربان ہے اور دوسروں کو دربان بنانے والا ہے ۔ جن پر مہربانی کی ہے ، انہیں دل کھول کر دیا ہے باقیوں کو دروازے پر کھڑا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے زرعی بجٹ کا حجم کم کر دیا ہے ۔ زرعی بجٹ جو دو دہائیاں قبل جی ڈی پی کا 4.97 فیصد تھا اب کم ہو کر 2.74 فیصد رہ گیا ہے ۔ زرعی پیداوار کی کم از کم قیمت طے کرتے وقت سوامی ناتھن کے فارمولے کو بھلا دیا گیا ہے۔ ہمارے دور میں گندم کے ایم ایس پی میں 119فیصد اضافہ کیا گیا تھا لیکن مودی حکومت نے گندم کی ایم ایس پی میں 47فیصد اور دھان کی ایم ایم پی میں 50 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ سیلجا نے کہا کہ وہ سرمایہ داروں کے دوست ہیں اور کسانوں کی حالت زار کو نہیں سمجھتے ۔ ہماری حکومت نے کسانوں کے 72ہزار کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے تھے اور مودی حکومت نے صنعت کاروں کے 16لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے ہیں۔ آج ہر کسان پر 35لاکھ روپے کا قرض ہے ۔ موجودہ حکومت نے کسانوں کو بے بس اور مزدور بنا دیا ہے ۔