نئی دہلی ۔ /21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے ان کی غیرجانبداری پر سوال اٹھانے کے خلاف کانگریس رکن کو انتباہ دیا ہے ۔ یہ نوبت اس وقت پیش آئی جب کانگریس کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے رکن رونیت سنگھ بٹا نے آج لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران گاندھی خاندان کے ارکان کے ایس پی جی سکیوریٹی کور ہٹانے کے حکومت کے فیصلہ کا مسئلہ اٹھایا اور ایوان کے وسط تک اسپیکر کے قریب پہنچ گئے ۔ اسپیکر نے کہا کہ اس مسئلہ کو قبل ازیں کئی بار ایوان میں اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے ایک اور رکن کو اپنی بات کہنے کے لئے کہا ۔ کانگریس رکن نے بی جے پی ارکان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسپیکر سے کہا کہ آپ نے بھی ان کے ساتھ ہاتھ ملالیا ہے ۔ اس پر اسپیکر برہم ہوگئے اور انہوں نے اس رکن کو روک دیا جو اپنی بات کہنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے تھے ۔ پھر کانگریس رکن کو ان کی غیرجانبداری پر سوال اٹھانے کے خلاف انتباہ دیا ۔