دبئی ۔ انگلینڈ اور پاکستان کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں میزبان ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے کرس ووکس نے تازہ ترین آئی سی سی درجہ بندی میں بڑا فائدہ اٹھایا ہے ۔84 رنز بنانے والے ووکس اب آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں 7 ویں مقام پر پہنچنے کے بعد بیٹسمینوں میں78 ویں مقام پر آگئے ہیں۔ پہلی اننگز میں 156 رنز بنانے والے شان مسعود بیٹسمینوںکی درجہ بندی میں14 مقامات کی چھلانگ لگا کر19 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بیٹنگ کی درجہ بندی میں اسٹیو اسمتھ اور ویراٹ کوہلی ابتدائی دو مقامات نمبر پر ہیں۔مانچسٹر ٹسٹ کے بعد آئی سی سی نے درجہ بندی جاری کر دی ہے ۔اسٹیوا اسمتھ پہلے ، وراٹ کوہلی دوسرے اور مارنس لبوشین کا تیسرا مقام برقرار ہے ۔ بولروں میں پیٹ کمنز کا پہلا، نیل ویگنر کا دوسرا جبکہ اسٹیورٹ براڈ کا تیسرا نمبر برقرار ہے ۔ محمد عباس مانچسٹر ٹسٹ کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹاپ ٹین میں آ گئے ہیں۔آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ اور محمد عباس یکساں نشانات کے ساتھ دسویں نمبر موجود ہیں۔یاسر شاہ 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی33 ویں نمبر پر چلے گئے ۔آل راؤنڈرز میں بین اسٹوکس کا پہلا مقام برقرارہے۔