کرس گیل کا ہندوستان کے دورے سے انکار

   

نئی دہلی۔نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے جارحانہ اوپنر کرس گیل نے دسمبر میں شروع ہو رہے ہندوستان کے دورے پر آنے سے انکارکر دیا ہے اور وہ سال کے باقی سیزن میں کرکٹ نہیں کھیلیں گے ۔ گیل دسمبر میں ہندوستان کے خلاف تین ونڈے میچوں کی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ویسٹ انڈیز بورڈکے سلیکٹروں کو انہوں نے اپنی عدم دستیابی ظاہر کرتے ہوئے باقی سیزن میں کرکٹ سے آرام لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حال ہی میں گیل نے جنوبی افریقہ کی ایم ایس ایل ٹوئنٹی 20 کرکٹ لیگ کی دفاعی چمپئن ٹیم جوزي اسٹارس سے بھی ناطہ توڑ لیا ۔ انہوں نے کہا تھا کہ فرنچائزز کرکٹ میں انہیں وہ احترام نہیں مل رہا ہے ۔40 سالہ گیل نے سابق آل راؤنڈر راجر ہارپر کی صدارت والے ویسٹ انڈیز سلیکٹروں کے پینل کو بتایا کہ وہ باقی سیزن میں آرام کرنا چاہتے ہیں اور نئے سرے سے 2020 میں واپسی کریں گے ۔مانا جا رہا ہے کہ ویسٹ انڈیز ہندوستان کے خلاف تین ٹوئنٹی20 اورتین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے اس ہفتے تک اپنی ٹیم کا اعلان کر ے گا۔ ہندوستان کے دورے کے لیے ویسٹ انڈیز کے سلیکٹروں نے گیل سے رابطہ کیا تھا، لیکن گیل نے اس سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا ویسٹ انڈیز نے مجھے ون ڈے کھیلنے کے لیے بلایا تھا لیکن میں نے اس سے انکار کر دیا۔ وہ چاہتے ہیں کہ میں نوجوانوں کے ساتھ کھیلوں لیکن اس سال اب میں آرام کروں گا۔ گیل نے ساتھ ہی بتایا کہ وہ اب آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں بھی نہیں کھیلیں گے ۔انہوں نے ساتھ ہی حیرانی ظاہر کی کہ کس طرح ان کا نام بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی کسی ٹیم میں شامل ہوگیا۔ میرا نام کسی فرنچائزی کے ڈرافٹ میں شامل کر لیا گیا جس کے بارے میں مجھے پتہ ہی نہیں ہے ۔فی الحال یہ صاف نہیں ہے کہ گیل اگلے سال ہونے والے ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کیلئے کھیلیں گے جہاں ان کی ٹیم بطورگزشتہ چمپئن اترے گی۔ ویسٹ انڈیز کا ہندوستان دورے کے بعد اگلی گھریلو سیریز آئر لینڈ سے جنوری میں ہے جس میں تین ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 کھیلے جانے ہیں۔