امراوتی /16 اگست ( پی ٹی آئی ) تقریباً 10 ہزار افراد کو آندھراپردیش کے اضلاع گنٹور اور کرشنا میں ریلیف کیمپوں کو منتقل کیا گیا ہے کیونکہ لگ بھگ 8 لاکھ کیوزک پانی دریائے کرشنا میں پہونچ چکا ہے ۔ جس سے کئی منڈلوں میں زندگی متاثر ہوگئی ہے جبکہ پرکاشم بیریج میں دوسری وارننگ کا اشارہ دیا جاچکا ہے ۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھاریٹی کے مطابق گنٹور میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ پڑوسی کرشنا میں سیلاب کے سبب ایک لڑکی لاپتہ بتائی گئی ہے ۔ دوسری طرف دریائے گوداوری دوبارہ تیزی میں آگئی ہے اور 7.7 لاکھ کیوزک پانی سر آرتھر کاٹن بیاریج واقع ڈوالیشورم میں چھوڑا جاچکا ہے ۔ چونکہ سیلاب کا بہاؤ بڑھتا جارہا ہے ، اس لئے حکام نے اضلاع اور کرشنا اور گنٹور میں ہائی الرٹ جاری کر رکھا ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ فائر سرویسیس کا عملہ دونوں اضلاع میں بچاؤ اور راحت کاری آپریشنس میں مشغول کیا جاچکا ہے ۔ ایس ڈی آر ایف کے ماہر غوطہ خوروں کو بھی بچاؤ کاموں کیلئے گنٹور میںرکھا گیا ہے ۔
