کرشنا ریور بورڈ اجلاس میں تلنگانہ کی شرکت

   

چیف منسٹر کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، عہدیداروںکو موقف کی وضاحت
حیدرآباد26اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے فیصلہ کیا کہ یکم ستمبر کو کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ اجلاس میں تلنگانہ حکومت کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی کہ وہ دریائے کرشنا کے پانی پر تلنگانہ کے جائز حق کے بارے میں دلائل تیار کریں تاکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے اجلاس میں ریاست کی حکمت عملی پر عہدیداروں کی رہنمائی کی۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ مجوزہ اجلاس پر اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری آبپاشی رجت کمار ، چیف منسٹر کے سکریٹریز سنیتا سبھروال ، بھوپال ریڈی ، انجنیئر انچیف مرلیدھر ، سابق ایڈوکیٹ جنرل رام کرشنا ریڈی ، سینئر ایڈوکیٹ رویندر راؤ اور دیگر نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اجلاس میں تلنگانہ کے حقوق کی نمائندگی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے پانی کے استعمال میں اب تک جو قدم اٹھائے ہیں، وہ اس کا حق ہے۔ انہوں نے آندھراپردیش کے اعتراضات کا مضبوطی سے جواب دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ R