آپسی رنجش اور اختلافات پر شکایتیں اور کارروائی سے جائیدادوں کو نقصان پہونچانے عوام کا الزام
حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں جاری ’حیڈرا‘ کی کاروائیوں کے دوران عہدیداروں نے آج شہر حیدرآباد کے علاقہ سعید آباد میں کاروائی کرتے ہوئے برساتی پانی کے بہاؤ کے لئے موجود نالہ پر کئے جانے والے قبضہ جات کو پوری طرح سے برخواست کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کرشنا نگر سعید آباد میں برساتی نالہ پر کی جانے والی تعمیرات کے سبب بارش کے دوران علاقہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے لگی تھی ا وراس سلسلہ میں مقامی عوام نے ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ علاقہ میں برساتی پانی کے بہاؤ میں مشکلات پیدا ہونے کے سبب کرشنا نگر میں پانی جمع ہونے لگا ہے کیونکہ بعض بااثر افراد کی جانب سے برساتی پانی کے بہاؤ کے لئے موجود نالہ پر قبضہ کرتے ہوئے پانی کی گزرگاہ کو بند کردیاگیا ہے جس کے نتیجہ میں پانی کا بہاؤ نہیں ہوپارہا ہے۔’حیڈرا‘ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں نے ان شکایات کے موصول ہونے کے بعد علاقہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں اور محکمہ مال کے عملہ کے ساتھ سروے منعقد کرتے ہوئے نشاندہی کی گئی تھی اور آج کاروائی کرتے ہوئے برساتی نالہ پر کئے گئے قبضہ جات کو مکمل طور پر برخواست کروادیاگیا۔ سعید آباد کرشنا نگر میں کی جانے والی اس کاروائی کے دوران عوامی احتجاج یا ہنگامہ آرائی کے اندیشہ کے تحت ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے محکمہ پولیس کے ذریعہ بھاری بندوبست کو یقینی بناتے ہوئے کاروائی کو انجام دیا ۔بتایاجاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ کی جانب سے جن لوگوں کی جائیدادوں کو ناجائز قبضہ قرار دیتے ہوئے برخواست کیاگیا ہے ان لوگوں نے الزام عائد کیاہے کہ آپسی رنجش اور اختلافات کی بناء پر کی گئی شکایتوں پر کاروائی کرتے ہوئے ’حیڈرا‘ نے ان کی جائیدادوں کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ کرشنا نگر کے عوام کا کہناہے کہ ’حیڈرا‘ کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کے بعد اب اس علاقہ میں بارش کے صورت میں پانی جمع ہونے کی جو شکایات تھیں ان کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گااور پانی کے بہاؤ میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہونے کے نتیجہ میں برساتی نالہ سے بہاؤ یقینی ہوگا۔’حیدرا‘ کے عہدیداروں نے اس کاروائی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’حیڈرا‘ ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کے علاوہ نالوں پر کئے جانے والے قبضہ جات اور سرکاری اراضیات پر کئے جانے والے قبضہ جات کے ساتھ ساتھ فٹ پر موجود قبضہ جات کو برخواست کروانے کے لئے خدمات انجام دے رہا ہے اور ’حیڈرا‘ کی جانب سے کی جانے والی ان کاروائیوں سے عوام کی بڑی تعداد میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے کیونکہ اس کاروائی سے عوام کو فائدہ ہونے لگا اور اس بات کو عوام اب محسوس کرتے ہوئے تالابوں اور نہروں کے علاوہ دیگر مقامات پر کئے جانے والے قبضہ جات کے متعلق شکایات درج کروانے لگے ہیں ۔3